ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شامی فوج مغربی حلب کے اطراف میں حملے کے لیے تیار

شامی فوج مغربی حلب کے اطراف میں حملے کے لیے تیار

Tue, 27 Dec 2016 15:43:07    S.O. News Service

دمشق،27دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)شام کے شہر حلب میں شہریوں کے وحشیانہ قتل عام کے بعد بشارالاسد کی وفادار فوج اور اجرتی قاتل مغربی حلب کے اطراف میں واقع علاقوں میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔حلب کے محاذ جنگ سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ شامی فوج مغربی حلب میں الراشدین اور خان العسل کے مقامات کی طرف پیش قدمی کی تیاری کررہی ہے۔ یہ اطلاعات بھی آئی ہیں کہ شامی فوج نے حلب کے جنوب اور مغرب میں فوجی کمک جمع کرنا شروع کردی ہے تاکہ مغربی حلب میں فوجی کارروائی شروع کی جا سکے۔ رپورٹ کے مطابق اسدی فوج مغربی حلب اور اس کے اطراف میں نئی فوجی کارروائی شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔ اسدی فوج نے الراشدین میں موجود جنگجوؤں کو چند ایام کے اندر اندر علاقہ خالی کرنے کی مہلت دی ہے، اس ک بعد فوج باقاعدہ آپریشن شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

درایں اثناء سلامتی کونسل نے مشرقی حلب میں وحشیانہ قتل عام کے بعد بڑی تعداد میں بے گھر ہونے والے شہریوں کو درپیش مسائل پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سلامتی کونسل کا کہنا ہے کہ مشرقی حلب میں بے گھر ہونے والے شہری بنیادی ضروریات کے فقدان کے ساتھ بدترین موسمی حالات کا بھی مقابلہ کررہے ہیں۔ شدید سردی کے موسم میں پناہ گزینوں کے پاس خیمے تک نہیں ہیں۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی حقوقاوچا کے ڈائٹریکٹر آپریشنز جون جینگ نے بھی مشرقی حلب اور شام کے دوسرے شہروں کی موجودہ صورت حال کو انسانی المیہ قرار دیا ہے۔جون جینگ کا کہنا ہے کہ قریبا 13.5ملین شامی فوری امداد کے مستحق ہیں جب کہ 90لاکھ افراد فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ مشرقی حلب سے 35 ہزار افراد مغربی حلب اور 23ہزار شہری 20دیہاتوں میں قائم استقبالیہ مراکز منتقل کیے گئے ہیں۔ اس دوران ایک ہزار شہری ترکی کی سرحد کے قریب واقع پناہ گزین کیمپوں میں پہنچے ہیں۔


Share: